گوجرانوالہ/ قلعہ دیدار سنگھ، اسلام آباد (فرحان میر سے + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) نوائے وقت نے پہلے خبر دینے کا اعزاز برقرار رکھا ،ایم این اے میاں طارق اور سابق ایم پی اے میاں مظہر جاوید اور ڈاکٹر عامر علی حسین برادر سیکرٹری الیکشن کمشن اور سابق ایم این اے چودھری تصدق مسعود خان اور بریگیڈئیر طارق یعقوب فتح محمد نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، علیم خان، اسد عمر و دیگر بھی موجود تھے، عمران خان نے میاں طارق محمود، چوہدری تصدق مسعود، ڈاکٹر عامر علی حسین اور میاں مظہر جاوید کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کیا اور انکی شمولیت کو پارٹی کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ عمران خان نے میاں طارق محمود کی دعوت قبول کرلی اور وہ 16 مارچ کو میاں طارق محمود کے گھر لدھے والا وڑائچ میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے عوام آئندہ انتخابات میں کرپٹ ٹولے کو عبرتناک شکست سے دو چار کریں گے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہوں گی رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کارکنوں کی کوئی قدر نہ ہے۔ ن لیگ کی قیادت ووٹ کی عزت کی باتیں کرتی ہے لیکن ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ ووٹ لے کر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کی عزت نہیں کرتے بلکہ انہیں اپنا ذاتی ملازم سمجھتے ہیں۔ عمران خان کی گوجرانوالہ آمد پر این اے 98 کے 18 یوسی چیئرمین وائس چیئرمین اور تین میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین بھی پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ یہ میری تیسری اور آخری شادی ہے انشاء اللہ بشریٰ بی بی کے بعد کسی اور سے شادی نہیں کروں گا۔ تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا آغاز 8مارچ سے ہو گا میں کراچی سے بھی الیکشن لڑوں گا کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے۔ نجی ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز ’’کیوں نکالا‘‘ کے دورے پر نکلے ہوئے ہیں عدلیہ کی حمایت میں جلسہ کر کے دکھائوں گا۔ نوازشریف جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے، وہ عدالتوں کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کر رہے، شریف خاندان کو جمہوریت کی سمجھ نہیں، شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں، یہ تمام اداروں کو پنجاب پولیس کی طرح بنانا چاہتے ہیں، نوازشریف کو بحال کیا گیا تو وہ اداروں کو تباہ کردیں گے، میں عدلیہ کی حمایت میں جلسہ کر کے دکھائوں گا،لاہور میں ان کو بتائیں گے کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مردان میں پولیس کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، خیبرپختونخواہ کے لوگوں کو پولیس پر اعتماد ہے۔ صاف اور شفاف الیکشن کیلئے سڑکوں پر نکلا تھا، یہ لوگ انصاف کیلئے اپنی ذات کیلئے سڑک پر آرہے ہیں، انکے 300ارب روپے بیرون ملک بینکوں میں موجود ہیں۔ لودھراں میں عوام پر توجہ نہیں دی گئی، لودھراں کے الیکشن کے نتائج کی وجہ مختلف تھی، پنجاب میں صرف پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ ہوگا، خیبر پی کے میں دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ ممبرسازی مہم کیلئے اتوار کو کراچی جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 9سال وزیراعلیٰ پنجاب رہے، وزیراعلیٰ کا سالانہ بجٹ 1ہزار ارب روپے ہے، فنڈز سے مخصوص بیوروکریٹس کو نوازا گیا، فواد حسن فواد اور احد چیمہ شہباز شریف کے فرنٹ مین ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ فیصل سبحان نے شہبازشریف کا بھانڈا پھوڑا، چینی میڈیا میں فیصل سبحان کا کیا گیا اسلئے اس کو لاپتہ کیا گیا،پنجاب کے 56فیصد فنڈز صرف لاہور پر خرچ کئے گئے، بڑے بڑے منصوبے بنا کر دھاندلی کی گئی، پنجاب حکومت تمام منصوبوں کا چیئرمین احد چیمہ کو بنا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پہلی مرتبہ بغیر دبائو کے کام کر رہی ہے۔ 200ارب سے زیادہ مالیت کی میٹرو ٹرین چلائی گئی، عدالت ریکارڈ مانگتی ہے تو کہتے ہیں کہ خفیہ معاہدہ تھا، ایل این جی معاہدے کے ذریعے اربوں کی خفیہ ڈیل کی گئی، عوام کے پیسوں سے خفیہ ڈیل کس ملک میں ہوتی ہے۔
مسلم لیگ ن چھوڑنے والے ایم این اے میاں طارق‘ سابق ایم پی اے مظہر جاوید پی ٹی آئی میں شامل
Feb 28, 2018