پتوکی+ قصور + لاہور (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت + خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ضلع قصور کی تحصیل پتو کی کا دورہ کیا اور مکمل ہونے والے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے علاوہ نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلیٰ نے ہالہ روڈ بائی پاس پتوکی کے دونوں اطراف کی آبادیوں کو ملانے کیلئے اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھا۔ 35 کروڑ روپے لاگت سے یہ منصوبہ رواں برس جولائی میں مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے10 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ کالج الہ آباد کا بھی افتتاح کیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ رادھا کشن کا بھی افتتاح کیا۔ تقریباً 11 کروڑ روپے لاگت آئی۔ وزیراعلیٰ نے پتو کی میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ضلع قصورکی تعمیروترقی پر اربوں روپے کے وسائل خرچ کیے اور یہاں تعلیم اور صحت کے علاوہ انفراسٹرکچرکے منصوبے مکمل کئے۔ وزیراعلیٰ نے کنگن پور پتوکی دورویہ سڑک کی تعمیر، پتوکی سے ھلہ کیلئے نئی سڑک اور پھول نگر میں ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے قصور میں یونیورسٹی کے قیام، پتوکی کیلئے 10سپیڈو بسیں دینے اور پتوکی اور چونیاں میں نئے شاندار پبلک پارک بنانے کا بھی اعلان کیا۔ شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب زرداری نے پنجاب میں گورنر راج لگایا تو میں پتو کی آیا تھا اور عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر نے اس گورنر راج کا خاتمہ کردیا تھا۔ آج پھر پتوکی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت پورے ملک پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے آج مجھ ناچیز کا نام لے کر مجھے مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر منتخب کرایا ان کی پارٹی صدارت تو چلی گئی لیکن عوام کے دلوں سے ان کی محبت کبھی نہیں جاسکتی۔ وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، نوازشریف پاکستان کی شان ،آن اور بان ہیں۔ وہ مدبر ہیں اور ہماری سیاست کے عظیم سپوت ہیں۔ مرکزی مجلس عاملہ میں نوازشریف کو تاحیات پارٹی قائد بنانے کے حوالے سے قرارداد پاس ہوئی، ان کی قیادت میں ہم ترقی کریں گے اور ملکر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے عظیم فلاحی منصوبے کو آزمائشی بنیادوں پر چلایاگیاہے جس کی میں عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں عوام کو اس ٹرین میں سوار ہوکر خود سیر کراؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ دن رات جھوٹ بولنے والے عمران کی وجہ سے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ خیبر پی کے کے غیور عوام نے ساڑھے چار سال قبل عمران پر اعتبار کر کے اسے حکومت دی لیکن اس نے معاشی لحاظ سے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا۔ اسلام آباد میں دھرنے اورلاک ڈاؤن کے ذریعے قوم کاقیمتی وقت برباد کیا،گالی گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا، خان صاحب نے دعوی کیا کہ انہوں نے خیبر پی کے میں 74میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ بجلی آسمان پر ،چاند پر یا سورج پر پیدا کی ہے کیونکہ زمین پر تو اس کا وجود نہیں ۔اسی خان صاحب نے کہا تھا کہ میں پشاور میں میٹروبس پر وسائل ضائع کرنے کی بجائے ہسپتال اورتعلیمی ادارے بناؤں گا،نہ تو اس نے ہسپتال بنائے اور نہ ہی تعلیمی ادارے بلکہ ساڑھے چار سال بعد پشاور میں میٹروبس چلانے کا خیال آیاتواس منصوبے کے نام پر پورے شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے عمران صاحب کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے کا وعوی دائر کیا ،پھر 27ارب روپے کا نوٹس بھجوایا لیکن یہ خان صاحب عدالت میں آتے ہی نہیں ۔کل یہ ملتان میٹروبس اورسبحان خان نامی شخص کے بارے میں الزامات کا ایک اور پلندہ لیکر آگئے میری عدالت عظمیٰ اورعدالت عالیہ کے چیف جسٹس صاحبان سے درخواست ہے معاملے کی تحقیقات کیلئے فل بنچ بنایا جائے اگر میں جھوٹا ثابت ہوجاؤں تو قوم سے معافی مانگ کر ہمیشہ کیلئے سیاست سے الگ ہوجاؤں گااوراگر خان صاحب اپنے الزامات میں جھوٹے ثابت ہوں تو انہیں بھی چاہیے تو یہ سیاست سے الگ ہوکر کسی حجرے میں جابیٹھیں اور سچ بولنا سیکھ لیں۔انہوںنے کہاکہ خان صاحب اتنا جھوٹ بولتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ جھوٹوں کی پارٹی بنا لیں کیونکہ تحریک انصاف سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔خان صاحب قوم اب آپ کے جھوٹ کو چلنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف زرداری صاحب ہے جن کی حکومت نے کراچی شہر کا بیڑہ غرق کردیا، کھٹارا بسیں چل رہی ہیں، اگر عوام نے 2018ء کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرایا تو پشاور اور کراچی کو لاہور کی طرح ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔ پچھلے تین سال سے کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد دی جارہی ہے جبکہ ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بارچھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے مل رہے ہیں۔ ہونہارطلبا و طالبات میں 15ارب روپے کے وظائف تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چار ماہ بعدالیکشن ہونے ہیں اوراگر ہمیں خدمت کا موقع ملا تو وعدہ کرتا ہوں کہ قصور میں یونیورسٹی کے منصوبے پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ قصور کے ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین نصب کردی گئی ہے جو24گھنٹے مریضوں کو سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ہم نے کرپشن کے اس فرسودہ نظام کو ختم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع قصور کے سیاسی خاندان رانا حیات خان ،رانا اسحاق خان ،رانا محمد اقبال خان نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے چار ایکڑ زمین کا عطیہ دیا ہے الگے الیکشن میں کامیابی ملی تو پھول نگر میں فوری طورپر ہسپتال کے منصوبے کو مکمل کریں گے۔انہوںنے کہا کہ2018ء کا الیکشن پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا الیکشن ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دن رات محنت کر کے خلوص دل سے عوام کی خدمت کی ہے، ہم ملک سے غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو صحیح معنوں میں قائد ؒو اقبالؒکا پاکستان بنائیں گے۔
چیف جسٹس عمران کے جھوٹ پر فل بنچ بنائیں‘ چیئرمین پی ٹی آئی غلط ہوئے تو حجرے میں بیٹھ جائیں ورنہ میں سیاست چھوڑ دوں گا: شہباز شریف
Feb 28, 2018