اقتصادی راہداری منصوبہ افغانستان کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے، صدر ممنون

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے ساتھ ساتھ افغانستان کے لیے بھی بے پناہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ افغانستان سمیت ماسکو سے لے کر وسط ایشیا تک کا خطہ مستقبل میں اس سے بیش بہا فوائد حاصل کرسکتا ہے ۔صدر مملکت ممنون حسین نے یہ بات ایوان صدر میں پاکستان میں زیر تعلیم افغان طلبا پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اورپاکستان میں افغانستان کے سفیرعمر زخیلوال نے بھی خطاب کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان اور افغانستان سمیت دیگر ممالک کے عوام ، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔ اقتصادی راہداری کے نام کی وجہ سے یہ سمجھنا درست نہ ہو گا کہ اس کا تعلق صرف پاکستان اور چین سے ہے بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ راہداری جتنی پاکستان اور چین کی ہے ، اس سے بڑھ کر افغانستان کی ہے کیونکہ وسط ایشیا سے لے کر روس تک د نیا کی ایک بہت بڑی آبادی اس راہداری سے منسلک ہونے کے لیے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات نا پسندیدہ طاقتیں اور دشمن قوتیں اپنے ناپاک مقاصد کے لیے غلط فہمیوں کو ہوا دیتی ہیں اور قربتوں کو فاصلوں میں بدلنے پر کمر بستہ ہو جاتی ہیں ۔ اس طرح کے حالات میں ذمہ دار قومیں بالغ نظری کے ساتھ زمینی حقائق کو سمجھ کر فیصلے کیا کرتی ہیں ۔ خطے کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ایسا ہی کیا جائے تاکہ پاکستان و افغانستان سمیت علاقے کی دیگر تمام قومیں امن و آشتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ تھوڑے ہی دنوں میں پاکستان میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد تین ہزار سے بڑھ کر چھ ہزار ہو جائے گی جس سے زیادہ سے زیادہ افغان طلبہ کو بہتر تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن