بھارتی میڈیا اور سیاسی و عسکری قیادت کے مکروہ فریب کے سامنے مسٹر نہرو کے پیروکار بھی شرمندہ ہورہے ہونگے حالانکہ نہرو کا اصول تھا کہ جھوٹ اتنا بولو کہ سچ محسوس ہونے لگے مگر وہ بھی اپنی حیات میں ایسا نہ کر سکا تو اس کے سیاسی جانشین بھی ناکامی سے دوچار ہونگے اگر یہ سچ ہے کہ بھارت کی فضائیہ نے کامیاب کارروائی کی تو زمینی حقائق اس صداقت کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں کیونکہ جس جگہ بھارتی طیاروں نے بھاگتے ہوئے بارود پھینکا وہ جنگل ہے اور اس بارود سے چند درخت زخمی ہوئے بھارت کے سیکرٹری خارجہ نے جس عجلت میں پریس کانفرنس کی اور پھر صحافیوں کے سوالوں کا جواب دینے کی بجائے راہ فرار اختیار کی اس سے بڑھ کر بھارت کی ناکامی کا اور ثبوت کیا ہو سکتا ہے بھارت کی فضائی حماقت سے قبل پاکستان کی قیادت نے صاف الفاظ میں کہا تھا کر اگر بھارت کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو وہ فراہم کرے پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے گا ۔ بھارت کی سیاسی اور فوجی قیادت مسلسل اور تسلسل کے ساتھ جھوٹ بول کر اپنی عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ مودی محض انتخابات میں کامیابی کی خاطر غربت میںجکڑی ہوئی بھارتی عوام کو جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے ۔ مودی کا خیال ہے کہ وہ اس طرح انتخابات میں بھارتی عوام کی ہمدردیاں سمیٹ کر دوبارہ اقتدار حاصل کرلے گا ۔ یاد رہے کہ کبھی کبھی جذباتی فیصلے گلے کی ہڈی بن جاتے ہیں مودی کا جذباتی اور طاقت کے نشے میں سرمست فیصلہ اس کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے پہلے بھارت کی فضائیہ نے حماقت کی مگر بروقت جواب کی وجہ سے بھاگی تو بھارتی میڈیا ٗ سیاسی اور عسکری قیادت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے مزید جھوٹ کا سہارا لیا اور پاکستان پرکامیاب حملے کا ڈرامہ رچایا جب ہر طرف جگ ہنسائی ہوئی تو مجبوراً دوبارہ پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پھر مودی کو واقعی ہی جواب ملا ۔ اطلاع ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے اور بھارت کے دو پائلٹ بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں ۔ یاد رہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کی حماقت کو روکا ہے ابھی جواب نہیں دیا ہے یہ محض درختوں کو زخمی کرنے کا نتیجہ ہے ۔ مودی سرکار کو شاید یہ اندازہ نہیں کہ جنگ چھڑنا آسان ہے مگر اس کو روکنا آسان نہیں نہ جانے یہ جنگ کیا کیا رخ اختیار کرے گی ۔ پاکستان نے سوشل میڈیا پر دونوں پائلٹوں کی تصویریں اپ لوڈ کردی ہیں تاکہ مودی پہچان لیں کہ وہ بھارت کی فضائیہ کے پائلٹ ہیں پاک فوج کی اعلی قیادت انتہائی زیرک افسران پر مشتمل ہے یہی وجہ ہے کہ وہ بھارت کی جارحیت کو صبر سے برداشت کر رہی ہے لیکن اس صبر اور دانشمندانہ پالیسی کو کمزوری سمجھنے والے یقینا احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ اور ایسے احمقوں کی بھارت میں کمی نہیں ۔ لیکن اس کے باوجود بھارت کے فہمیدہ اور سنجیدہ طبقے بھارت کو ایسی حماقت سے باز رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایک حماقت اور جھوٹ کو چھپانے کیلئے کئی حماقتیں اور جھوٹ بولنے پڑتے ہیں یہی کچھ بھارت کی سیاسی اور فوجی قیادت کر رہی ہے ۔(سیدمشرف کاظمی، 03005320122)
بھارتی قیادت کی حماقت
Feb 28, 2019