لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل 5میں شریک کھلاڑیوں کو 70 فیصد معاوضوں کی ادائیگی کر دی گئی جبکہ اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل عمر اکمل سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیک واپس مانگ لیا۔ پی ایس ایل 5کے آغاز سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل عمر اکمل کا چیک روک لیا گیا۔ پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین کی رقم روک لی گئی ہے، اگر انھیں پہلے ہی معاوضہ مل چکا تو ہم واپسی کا کہہ سکتے ہیں، معاہدے میں یہ شق شامل ہے۔ کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 70 فیصد رقم کا چیک موصول ہوچکا، بقیہ 30 فیصد رقم ایونٹ کے بعد ملے گی۔یہ 5واں ایڈیشن ہے اور کبھی ایسا نہیں ہوا کہ معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہو، اسی لیے غیرملکی کرکٹرزاس میں شرکت کوترجیح دیتے ہیں۔ چونکہ مکمل لیگ پاکستان میں ہو رہی ہے اس لیے مقامی کھلاڑیوں کو ڈالرزکے بجائے روپے میں ادائیگی ہوئی۔