قصور/الہ آباد/ٹھینگ موڑ(نمائندہ نوائے وقت) ہسپتال عملہ کی مبینہ غفلت سے ڈلیوری کے بعد دو بچے دم توڑ گئے۔ لواحقین کا مین قصور روڈ بلاک کر کے احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق الہ آبادکے نواح پکھوکی بنیادی ہیلتھ سنٹر میں دوخواتین حسینہ اور نسرین کو ڈلیوری کی غرض سے لایا گیا تاہم پیدائش کے بعد دونوں نومولود دم توڑ گئے۔ بچوں کے والدین یاسین اور اصغر علی نے ہیلتھ سنٹر میں تعینات ایل ایچ وی پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار ریفر کرنے کا کہا مگر عملہ انکاری رہا اور ادویات کی مد میںایل ایچ وی نے روپے بھی لئے لواحقین نے بچوں کی ناف پر کارڈ کلمپ نہ لگنے کی وجہ سے خون زیادہ بہنے کو موت کی وجہ قرار دیا اور ہسپتال عملہ کی دھمکیوں اور ہتک آمیز رویئے پر روڈ بلاک کر کے احتجاج پر اکسایا۔ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر اقبال جاوید ہسپتال پہنچ گئے ان کا کہنا تھا عملہ کی غفلت ثابت ہونے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔