عرب لیگ کا الخلیل شہر میں عالمی امن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ

Feb 28, 2020

قاہرہ (صباح نیوز)عرب لیگ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی تاریخی شہر الخلیل میں مقدس مقامات کے تحفظ اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی روک تھام کے بین الاقومی امن فوج کے دستے تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الخلیل شہر میں مسجد ابراہیمی میں 25فروری کو نمازیوں کے قتل عام کی 26برسی کے موقع پر جاری ایک بیان میں عرب لیگ نے کہا ہے کہ مسجد ابراہیمی میں فلسطینی مسلمانوں کو نماز اور عبادت کی ادائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ مسجد ابراہیمی اور الخلیل شہر کے دیگر مقدس مقامات اب بھی خطرے میں ہیں۔ ان کے تحفظ اور دفاع کے لیے عالمی امن فوج تعینات کی جائے۔عرب لیگ کے فلسطین ڈیسک کے انچارج ابو علی نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کی شرانگیز مہم جاری ہے اور الخلیل شہر کو یہودیانے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ چوتھے جنیوا کنونشن پرعمل درآمد یقینی بنانے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم کی روک تھام کے لیے مناسب میکنزم اختیار کرے تاکہ فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کی روک تھام کی جاسکے۔عرب لیگ کے عہدیدار نے 1967 کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے تمام فلسطینی علاقے خالی کرنے اور مشرقی بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں