قصور/فیصل آباد/ حافظ آباد (نمائندگان نوائے وقت/ آن لائن) مصطفیٰ آباد میں گھریلو جھگڑے پر 22 سالہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ جمیل کے بیٹے بائیس سالہ محمد نبیل کی اپنے گھر والوں سے معمولی بات پر لڑائی ہو گئی، گھر والوں نے اسے ڈانٹ پلا دی جس سے وہ دلبرداشتہ ہو گیا اور گھر میں موجود گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، اسے ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، دوسری طرف فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد کے چک 53 ج ب کے رہائشی بے روزگاری سے تنگ 30 سالہ مظفر عباس ولد مقبول کا گھر میں جھگڑا ہو گیا۔ اور وہ گلے میں پھندا لیکر درخت سے جھول گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مزید برآں حافظ آباد میں چک چٹھہ کے قریب 45 سالہ شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ بیری والا کا رہائشی امتیاز عالم نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھا لیں دم توڑ گیا۔