اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امن کے داعی موسیقار نے بھی بھارت میں فسادات کا نوٹس لے لیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں قتل وغارت کا نوٹس لے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘’جب وہ موسیقار کہ جنہوں نے فروغِ امن کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے رکھا، بھی ہندوستان میں جاری قتل وغارت گری پر آواز بلند کرنے لگ جائیں تو دنیا پر بیداری واجب ہو جاتی ہے’’۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘’اقوام عالم اپنا فرض نبھائیں اور بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لیں۔ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑا ہونے کا یہی وقت ہے’’۔
خیال رہے کہ برطانوی موسیقار راجر واٹرز نے سماجی کارکن عامر عزیز کی نظم کا حوالہ دیا تھا۔ برطانوی موسیقار نے متنازع بھارتی قانون کو فاشسٹ اور نسل پرستانہ قرار دیا۔ عامر عزیز نے بھارتی متنازع شہریت قانون کے خلاف ’’سب یاد رکھا جائے گا‘‘ نظم لکھی تھی۔