چین کا پاکستان میں ٹڈی دل کیخلاف ایک لاکھ بطخیں بھیجنے کا منصوبہ

لاہور (نیٹ نیوز) چین کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بیجنگ، پاکستان میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق 'ننگبو ایوننگ نیوز' نامی مقامی اخبار نے کہا کہ چینی ماہرین کی ایک ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے اپنی سفارشات میں ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کے لیے بطخیں تجویز کیں۔ اخبار کے مطابق چین نے دو دہائی قبل ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے اسی طریقہ کار کو اپنایا جو موثر نکلا۔ مقامی اخبار نے جیانگ صوبائی انسٹی ٹیوٹ آف زرعی ٹیکنالوجی کے محقق لو لیزی کا حوالہ دے کر کہا کہ ایک بطخ یومیہ 200 ٹڈیاں کھا سکتی ہے۔ تاہم صوبائی حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی اور ایگریکلچر سائنسز انسٹی ٹیوٹ کے محکمہ پبلسٹی کا فراہم کردہ نمبر مسلسل مصروف رہا۔

ای پیپر دی نیشن