اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدریویش نے کہا کہ یہ دنیا، خیر، امن اور محبت کی طلب گار ہے، اسے یہ نعمتیں تعلیمات فطرت یعنی اللہ اور اس کے رسول ؐ کی خوشنودی کے ذریعے ہی حاصل ہوسکیں گی اس لیے نئی نسل کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ رنگ ، نسل سمیت کسی بھی امتیاز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے لیے خود کو وقف کردیں۔ڈاکٹر درویش نے یہ بات جامعہ سے ملحق اسکولوںمیںسال رواں کو قرآن حکیم کا سال قرار دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں جامعہ سے ملحق ملک بھر میں پھیلے ہوئے سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کے درمیان مقابلہ قرآت بھی ہوا جس میں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں میں صدر جامعہ نے انعامات تقسیم کیے۔صدر جامعہ نے اس موقع پر کہا کہ اسلام دین فطرت ہے جس کا مقصد اللہ اور اس کے رسول ؐکے طریقوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الہی کا حصول ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد بھی یہی ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے اپنا تعلیمی نظام اسی اصول پر مرتب کیا ہے تاکہ انسانی معاشرے کو امن سکون اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکے۔تقریب سے دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر طاہر محمود اور شعبہ سکولز کے انچارج ڈاکٹر کاشف سہیل ملک نے بھی خطاب کیا۔