وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان میں امن کےقیام کےلئےپاکستان کے کردار کو سراہرہی ہے۔ آج ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر کل دوحہ میں دستخط ہوجائیں گے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ مختلف ملکوں کےوزرا خارجہ سمیت پچاس ملکوں کےنمائندے دستخطوں کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کواس پورے عمل کا حصہ بننے اور اس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جوکہ پاکستان کےلئے اعزاز اور اس کی کوششوں کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے افغان امن عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی انتہائی کوششیں کی ہیں اور اگر اس کے باوجود اس معاہدے پر دستخط ہوجاتے ہیں تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت پاکستان کو تنہا کرنے اور اسے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا تشخص بہتر ہورہا ہے جبکہ بھارت کی شناخت متاثر ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ پورا عالمی میڈیا نئی دہلی میں نسل کشی جیسی صورتحال پر بات کررہا ہے اور لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا یہ بھارت کا سیکولر چہرہ ہے؟