سرجانی تیسرٹائون میں جرائم خطرناک حدتک بڑھ گئے

Feb 28, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاک امن ویلفیئر تنظیم کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طورپر سرجانی پولیس چوکی کو بحال کیاجائے، سرجانی پولیس اسٹیشن کی حدود بہت زیادہ ہونے کے باعث علاقہ پولیس کا جرائم پر کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوگیاہے،لیاری ندی سے ناردرن بائی پاس علاقے میں جرائم پیشہ افراد دندناتے پھرتے ہیں، دن دہاڑے چوری ڈکیتی اور چھیناجھپٹی کی وارداتیں روزکامعمول بن گئی ہیںجبکہ دیگر جرائم بھی بڑھ رہے ہیں، علاقہ مکینوں کا جینامحال ہوچکاہے۔یہ باتیں انہوں نے جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر مشورے کے لئے بلائے گئے علاقہ معززین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر شرکاء نے فی الحال سرجانی پولیس چوکی کو بحال کروانے پر اتفاق کیاجبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔سعید احمدبیگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ علاقے سے جرائم کے خاتمے اور مجرموں کی سرکوبی کے لئے پولیس چوکی کو بحال کیاجائے۔ان کا کہناتھاکہ چند روزقبل سرجانی پولیس چوکی کو بحال کیاگیاتھا اور ایازبروہی کو چارج دیاگیا تھالیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر مذکورہ پولیس چوکی سے عملے کو ہٹاکر غیر فعال کردیاگیا جس کے بعد جرائم کی شرح میں بدترین اضافہ ہوگیاہے۔

مزیدخبریں