ایل این جی معاہدے سے معیشت بہتر ، سستی گیس وافر ملے گی : ماہرین اقتصادیات

لاہور(احسن صدیق)ماہرین اقتصادیات اور کاروباری برادری نے پاکستان کے قطر سے سستی ایل این جی خریدنے کے 10سالہ معاہدے پر کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی صارفین کی انرجی کاسٹ میں کمی ہو گی سردیوں میں گھریلو اور صنعتی صارفین کی سستی گیس وافر مقدار میں ملے گی۔پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور معروف معیشت دان ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ اس معاہدے کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اگر صحیح انداز میں مذاکرات کئے جائیں تو اس کے فوائد ضرور ملتے ہیں 3 ارب ڈالر کی بچت خاصی بڑی بچت ہے اس معاہدے سے انرجی کاسٹ میں کمی آئے گی۔ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ واضح ہو گیا ہے کہ اس مرتبہ نہ تو کمیشن کھایا گیا اور نہ ہی کرپشن ہوئی ہے اسی لئے سستی ایل این جی درآمد کرنے کامعاہدہ ہوا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدرمیاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری  نے آر ایل این جی معاہدے کوسراہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے پاکستان میں توانائی مکس کی صورتحال بہتر ہوگی اور توانائی کے حصول کے روایتی ذرائع پر انحصار کم ہوگا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے قطر کے ساتھ ایل این جی کی قیمتوں کے نئے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس سے صنعتی سیکٹر اور گھریلو صارفین کو سستی توانائی میسر آئے گی۔ سردیوں میں انڈسٹری کو سستی وافر گیس ملے گی جس سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن