لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور پولیس نے شہر کے گنجان آباد مخصوص کرائم ہاٹ سپاٹ علاقوں میں موثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کے ذریعے جرائم پر قابو پانے کے لئے موٹر سائیکلز پر مشتمل ابابیل فورس متعارف کرا دی ہے۔پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اس حوالے سے تقریب میں سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے ابابیل سکواڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے خالصتا" اپنے وسائل سے ابتدائی طور پر 20 موٹر سائیکلز اور 40 جوانوں پر مشتمل ابابیل سکواڈ تشکیل دیا ہے،جسے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں کرائم کنٹرول کرنے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔ ابابیل سکوڈ کو اگلے ہفتے میں مزید 20 ہیوی بائیکس فراہم کر دی جائیں گی۔ابابیل سکواڈ کی ہر موٹر سائیکل پر پولیس کے 2 مسلح جوانوں پر مشتمل دستے میں 20 موٹر سائیکلز پر 40 جوان جتھوں کی شکل میں فلیگ مارچ کریں گے۔ ابابیل سکواڈ ایس پی مجاہد سکواڈ ی سپرویژن میں قربان لائن سے آپریٹ ہو گا۔ابابیل سکواڈ شہر کی مخصوص ڈویژنز کے زیادہ جرائم زدہ ایریاز میں لاء اینڈ آرڈر کی کسی صورتحال یا کوئی جرم سرزد ہونے پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزموںکی فرار کی راہ مسدود کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ابابیل سکواڈ کی موجودگی،پٹرولنگ اور ناکہ بندی سے جرائم پیشہ افراد جرائم کا ارتکاب کرنے سے اجتناب کریں گے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ابابیل سکواڈ چوروں، ڈاکووں،ظالموں پر ابابیلوں کی طرح اکٹھے ہو کر جھپٹیں گے تو جرائم کی موثر روک تھام ممکن ہو سکے گی۔