اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے2021-22 میں صدارت کیلئے زاہد محمود راجہ جبکہ سیکرٹری کیلئے تصدق حنیف نے میدان مارلیا۔گذشتہ روز صبح نو بجے شروع ہونے والی پولنگ شام چار بجے تک جاری رہی جس کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کے علاوہ رینجرز کی نفری بھی تعینات کی گئی،جبکہ وکلا کی طرف سے بھی جوش و خروش کا مظاہرہ کیاگیا،گنتی کے بعد الیکشن کمیٹی کی طرف سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق صدرات کیلئے زاہد محمود راجہ نے 585جبکہ مدمقابل نویدحیات ملک نے 486ووٹ، نائب صدارت کیلئے فضل الہی نے 649جبکہ مدمقابل محمد رستم ملک نے 370ووٹ، سیکرٹری کیلئے تصدق حنیف نے 767جبکہ مدمقابل چوہدری تنویر اختر نے298ووٹ، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے اختر حسین نے 597جبکہ مدمقابل یاسمین یاسین سندھو نے 445ووٹ، فنانس سیکرٹری کیلئے عرفان اللہ نے 609جبکہ مدمقابل رئیس عبدالواحدنے 346ووٹ حاصل کیے،نتائج کا اعلان ہونے پر کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے نعرے لگائے اور جشن منایا، یاد رہے کہ صدارت کے دونوں امیدوار زاہد محمود راجہ اور نوید حیات ملک اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس بلاک حملہ کیس میں گرفتار اور جوڈیشل پر اڈیالہ جیل ہیں۔