لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران روزمرہ اشیا ء کی قیمتیں کنٹرول کیلئے ممکنہ طور پر سپیشل برانچ کے ذریعے بڑے ڈیلرز اورہول سیلرز کا ریکارڈ مرتب کرے گی۔ جبکہ ملوں سے چینی ، گھی ، آئل ، بیسن اور دیگر اشیائے خوردونوش کی خریداری کے حوالے سے باضابطہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔علاوہ ازیں رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ نظام لانے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے۔ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے باقاعدہ حکمت عملی سامنے لائی جائے گی ۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد میں توازن اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔