لاہور(بزنس رپورٹر)پرفارمنس آڈٹ سے متعلق 107 ویں انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام کاگزشتہ روز آغازہوا ۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے تین ہفتے تک جاری رہنے والے انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام کاافتتاح کیا-جس میں آذربائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، چین، ایران، لائبیریا، مالدیپ، نیپال، پاکستان، تاجکستان، تنزانیہ، تھائی لینڈ اور ترکی سمیت14 ممالک کے سپریم آڈٹ اداروں کے 47 آڈیٹرزشریک ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل پرفارمنس آڈٹ ونگ سمیع اللہ ٹیپو نے زوم کے ذریعے 14 ممالک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اس وژن کا اعادہ کیا کہ آڈٹ منیجرز کو مقننہ اور دیگرسٹیک ہولڈرز پبلک سیکٹر میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کثیر الجہتی اپروچ کے تحت آڈیٹنگ کی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اور موجودہ دور کے تقاضوں کے تحت نئی ٹیکنالوجی اور جدید ٹولز سے آگاہی بے حد ضروری ہے۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد آڈٹ منیجرز کی تجزیاتی مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے تا کہ وہ تجزیاتی ٹولز اور تکنیکوں سے آراستہ ہوکر پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بناسکیں۔