فیصل آباد (اے پی پی)آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈاپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کی جانب سے مزدوروں کی خوشحالی کیلئے ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشنز کو شیئر کے طور پر دیئے جانے والے کروڑوں روپے کے فنڈز سے سٹاک ایکسچینج اوردیگر اداروں میں سرمایہ کاری کی بجائے اسے صرف اور صرف صنعتی مزدوروں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیاجائے۔ ملکی معیشت کو سنوارنے اور لاکھوں مزدوروں کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے توانائی کی کمی پر قابو پانے سمیت آئندہ گیس، بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافہ نہ کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کے ادارے اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن، سوشل سکیورٹی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کروڑ وں روپے کے ماہانہ فنڈز کو مزدوروں کی ویلفیئر ان کے بچوں کی تعلیم، علاج و معالجہ، بوڑھوں کی پنشن اور بیوگان کی بچیوں کی شادیوں کیلئے جہیز کی فراہمی پر خرچ کریں ۔ تاکہ مزدوروں کے علاج، پنشن اور بیوگان کو بچیوں کے جہیز اوربچوں کو حصول تعلیم میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔