نئی دہلی(این این آئی)شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (SGPC) نے کہاہے کہ ہفتے کو کرناٹک کے شہر منگلورو میں ایک نجی اسکول کی طرف سے چھ سالہ سکھ لڑکے کو پگڑی پہننے پر داخلہ نہ دینا سکھ کمیونٹی کی مذہبی آزادی پر حملہ ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر ہرجیندر سنگھ دھامی نے کرناٹک کے وزیر اعلی کو بھی خط لکھا ہے جس میں اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے۔ضلع چائلڈ ویلفیئر کمیٹی منگلورو نے اس واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے جس میں ایک سکھ لڑکے کو جس نے پگڑی پہن رکھی تھی، نجی اسکول میں داخلہ دینے سے انکار کیاگیاہے۔دھامی نے کہا کہ اس سے قبل بنگلورو کے ایک کالج نے ایک 17 سالہ امرت دھاری نامی سکھ لڑکی سے بھی کہا تھا کہ وہ پگڑی پہن کر کلاسوں میں نہ آئے۔ہرجیندر سنگھ دھامی نے کہاکہ کرناٹک میں سکھوں کی مذہبی آزادی کو دبایا جا رہا ہے اور اس کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ طلباء سے متعلق دو واقعات ملک کے آئین کی خلاف ورزی ہیں کیونکہ اس میں ہر ایک کو مذہبی آزادی کا حق دیاگیاہے۔