لاہور (نیوز رپورٹر) عوام پیپلز پارٹی کی قیادت سے بیزار ہو چکی ہے۔ لانگ مارچ کی کال کو مسترد کر کے عوام نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ جھوٹوں اور لٹیروں کا لانگ مارچ شروع ہونے کے ساتھ ہی ختم ہو گیا۔ مارچ کے لیے سرکاری وسائل کو بے دریغ استعمال کیا گیا۔ سرکاری ملازمین اور مانگے تانگے کے کارکنوں کی مدد سے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہوئی۔ عوام پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ قومی دولت لوٹنے والے اور عوام سے جھوٹی محبت کا دعویٰ کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔ پوری قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر و صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ صدر پی ٹی آئی پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف راجہ یاسر ہمایوں، سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی پنجاب مسرت جمشید چیمہ، ایم این اے بریگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ، ضلعی صدر شیخوپورہ کنور عمران سعید، ملک محمد اقبال، ضلعی صدر نارووال طارق انیس، ضلعی جنرل سیکرٹری سرگودھا عمران مہدی، سٹی صدر سرگودھا ڈاکٹر نادیہ عزیز، ایم پی اے افتخار گوندل، ممتاز کاہلوں، حافظ فرحت عباس، وسیم قادر، اسجد ملہی، عفیف صدیقی، ملک سمی کھوکھر، رانا لال بادشاہ اور دیگر شاملِ ہیں۔ ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلاً تبادلہ خیال کیا گیا۔