بنگلور، لندن (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک اور کالج کے پرنسپل نے مسلم طالبات کو حجاب پہننے پر باہر نکال دیا۔ ایسا ہی ایک اور واقعہ ریاست کرناٹک کے علاقے اوڈوپی کے ایم جی ایم کالج میں پیش آیا جہاں پرنسپل نے حجاب پہنی مسلمان طالبات کو کالج سے باہر نکال دیا۔کالج پرنسپل کے اس رویئے پر طالبات نے شدید احتجاج کیا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ کا یہ اقدام ہائی کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔طالبات نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا کہ کل سے شروع ہونے والے امتحان میں ہمیں شریک ہونے سے روکا جائے گا۔ لندن میں مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہاہے کہ فاشسٹ مودی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مودی نے ہندوستان میں اسلامی شعار حجاب پر پابندی لگا کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کیاہے،57 اسلامی ممالک ہندوستان کے ان ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کے خلاف کردارا داکریں، نریندرمودی نے پوری دنیا میںہندوستان کانام نہاد جمہوری اور سیکولر چہرہ بے نقاب کردیاہے، ہندوستان کے ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کے خلاف اب پوری دنیا میں آواز اٹھنا شروع ہوچکی ہیں۔
کرنا ٹک، ایک اور کالج سے باحجاب طالبات بیدخل،بھارت میں کوئی اقلیت محفوظ نہیں ،راجہ فہیم
Feb 28, 2022