لندن (نوائے وقت رپورٹ) افغان طالبان اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان جمعرات کو ہونے والی جھڑپوں کے تین دن بعد دونوں ممالک کے درمیان بلوچستان کے ضلع چمن میں باب دوستی کھول دیا گیا ہے۔ افغان طالبان اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک سرحدی تنازع پر جمعرات کے دن شروع ہوا تھا۔ بی بی سی کے مطابق افغانستان میں قندھار کے ضلع سپن بولدک میں کم از کم چھ ہلاکتیں اور آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ ڈی سی چمن کے مطابق لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ باب دوستی کو تین دن کی بندش کے بعد آمد و رفت کے لیے کھولا جا چکا ہے۔ پاک افغان مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کے نائب صدر عمران کاکڑ نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ سرحد کی بندش کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ کوئٹہ میں انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ افغان طالبان پاکستانی حدود میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ بنا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا گیا جس پر طالبان نے فائر کھول دیا اور اس پر پاکستانی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔