اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہو گئے ہیں۔ تین سال قبل پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی ناکام مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا تھا۔ اتوار کو انہوں نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ صرف ہتھیار یا تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری مشکل وقت میں کامیابی کا تعین کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا بھارت کے جنگی طیارے مار گرانا، پاک بحریہ کا سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگانا، پاک فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر شاندار ردعمل کا مظاہرہ یہ سب مادر وطن کے دفاع کے لئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ آج ہماری فضائی حدود کے اندر بھارت کے عاقبت نااندیشانہ فضائی حملوں کا پاکستان کی طرف سے مثالی جواب دینے کے دن کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ہماری بہادر افواج نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزری کی کوشش کو بروقت مئوثر کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ پاکستان نے نہ صرف اپنی خودمختاری کا پختہ عزم اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا بلکہ انتہائی ضبط وتحمل کا بھی مظاہرہ کیا۔ مارگرائے جانے والے ایک بھارتی طیارے کے گرفتار ہواباز کو خیرسگالی کے جذبے کے تحت واپس کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کا داعی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ 27فروری بھارت کے لئے ایک سبق ہے کہ اس کے ہر عسکری جارحانہ پن اور جنگی جنون کا ہماری طرف سے بھرپور اور نپا تلا جواب دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کوفروری 2019ء کے اپنے عاقبت نااندیشانہ طرز عمل کے اثرات و نتائج کو پیش نظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا ہوگا۔ تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کے اپنے عزم کو دوہراتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ سمیت عالمی برداری پر زور دیتے ہیں کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف منظم جرائم کے ارتکاب پر بلاتاخیر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔