نیب پراپگینڈانظر انداز کرتے ہوئے قومی فریضہ انجام دیتا رہے گا:جاوید اقبال

Feb 28, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی میں مبینہ طور پرملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے ریفرنسز تیار کرکے معزز احتساب عدالتو ں میں دائر کیے ہیں۔ جو لوگ میڈیا میں اپنی بے گناہی کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں اپنے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر کریں جہاں معزز احتساب عدالتیں قانون کیمطابق فیصلہ کریں گی۔ نیب ادارہ کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر بڑی مچھلیوں کوقانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے اپنا قومی فرض ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ نیب قانون کے مطابق میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ نیب نے اکتوبر 2017 سے نومبر 2021 تک بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 584  روپے بلاواسطہ اور بلواسطہ پر برآمد کئے جو کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں ایک ریکارڈ کامیابی ہے جونیب افسران کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قومی فرض کی ادائیگی کیلئے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں1237  کیسز زیر سماعت ہیں۔ جن کی ما لیت تقریباً 1335 ارب روپے ہے۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں ۔ نیب نے نیب ہیڈکوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز میں کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے جامع معیاری مقداری نظام وضع کیا ہے جس کے تحت سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر نیب ہیڈ کوارٹر اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے جس کے باعث نیب کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے جبکہ گیلانی اور گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد افراد نے نیب پر اعتماد کا اظہا ر کیا۔

مزیدخبریں