مری‘ اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی + خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) مری سجادہ نشین مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف حضرت پیر ہارون الرشید انتقال کر گئے۔ پیر صاحب چند دن سے شدید علیل تھے۔ عمر 87 سال تھی۔ پیر ہارون الرشید کی انتقال کی خبر سن کر ہر آنکھ نم جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ انکے مریدوں کی بہت بڑی تعداد اطلاع ملتے ہی دربار عالیہ موہڑہ شریف پہنچنا شروع ہو گئی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ ظہر دربار عالیہ موہڑہ شریف مری میں ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان‘ فواد حسین‘ زرداری نے اظہار افسوس کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ الحاج پیر ہارون الرشید کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ پیر ہارون الرشید نے دربار عالیہ موہڑہ شریف کی تعمیر و ترقی، سلسلہ عالیہ کی تعلیمات کے فروغ کے لئے دربار عالیہ میں درس و تصوف اور تفسیر کیلئے بے پناہ خدمات انجام دیں۔ بلاول بھٹو، زرداری نے پیر ہارون الرشید کے خاندان اور درگاہ موھڑہ شریف کے عقیدت مندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پیر ہارون الرشید کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔