لاہور (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بلاول بھٹو تین سال کا حساب لینے اسلام آباد ضرور آئیں، ہمارا دامن صاف ہے ، حساب دیں گے، ہم بھی آپ سے پندرہ سال کا حساب مانگنے آئے ہیں۔حقوق سندھ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم احتساب سے گھبرانے والے نہیں ہیں مگر15 سال سے سندھ پر پیپلز پارٹی کی بلاشرکت غیرے حکومت ہے۔ کراچی سے کچرا کون اٹھائے گا،نالے کون صاف کرائے گا، کراچی کے عوام کودن دیہاڑے گن پوائنٹ پرلوٹاجارہا ہے۔ سندھ سے میرا رشتہ کئی سوسال کا ہے، آج سندھ کے عوام کوجگانے کیلئے آیا ہوں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تیر کو توڑنا اور سندھ کو جوڑنا ہے۔ سندھ میں بھائی کو بھائی سے جدا کیا گیا۔ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی حکمرانی سے تنگ آچکے۔ بلاول بھٹو زرداری کے لیے اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سنا ہے بلاول آج لانگ مارچ نکال رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم سے حساب لینے نکلے ہیں تو ضرور لو ہمارا حساب، ہمارا وزیراعظم گھبراتا نہیں ہے۔کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹا جا رہا ہے، بلاول سے پوچھتا ہوں کہ کراچی میں بے امنی کا ذمہ دار کون ہے؟ آئی جی، ایس پی کس کے تابع ہیں؟ بلاول سے پوچھتا ہوں کہ ورکرز کو 30 ،30 ہزار روپے کس نے دیئے ہیں؟وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 27فروری کو پاکستان ائیرفورس اور پاک افواج کی جانب سے بھارت کو کرارا جواب دیا گیا، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہم ہمیشہ تیار رہیں گے۔ مودی نے 3 سال پہلے جارحیت کی اور پاکستان کی سرحدوں پر حملہ کیا جس کا آج ہی کے دن ہم نے کرارا جواب دیا۔ مودی آئندہ پاکستان کی طرف سوچ سمجھ کر دیکھنا، آج وہ موجود نہیں جو ساڑھیاں پیش کرتے تھے۔