اپوزیشن صرف ملاقاتوںسے عدم اعتماد لارہی،قوم کو دلچسپی نہیں :عثمان بزدار

Feb 28, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ 27 فروری 2019کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 2 بھارتی جنگی طیارے تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ قو م پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ یہ دن پاکستان کی فضائی دفاع کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھارتی طیارے گرانے کے3 برس مکمل ہونے پر ’’سرپرائز ڈے‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔27 فروری کا دن بھارت کیلئے ندامت کے سواکچھ نہیں۔ پاک وطن کے بہادر سپوتوں نے 27 فروری 2019ء کو بھارت کو رسوائی اورشرمندگی کاعبرتناک سبق دیا۔ پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے جہاز گرا کر پورے بھارت میں صف ماتم بچھا دی۔ جنگی طیارے تباہ کرکے پاکستان نے دشمن کو سرپرائز دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے پاکستان ائیر فورس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف ملاقاتوں میں ہی عدم اعتماد لارہی ہے۔ عدم اعتماد کا شوشہ صرف چائے کی پیالی میں طوفان کے مترادف ہے۔ عدم اعتماد کی باتیں صرف ہوا میں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو عدم اعتماد سے کوئی دلچسپی نہیں۔ عوام صرف ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن ترقی کے سفر کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اقتدار کی خاطر سیاست کرنے والی اپوزیشن کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ اپوزیشن میں عدم اعتماد لانے کا حوصلہ ہی نہیں۔وزیراعلیٰ نے دربار عالیہ موہڑہ شریف کے سجادہ نشین الحاج پیر ہارون الرشید کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سجادہ نشین الحاج پیر ہارون الرشید کے انتقال پر دلی صدمہ ہوا ہے۔لواحقین اور عقیدت مندوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جواررحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

مزیدخبریں