کوٹ ادو‘ مظفر گڑھ (خبرنگار‘ نامہ نگار) کوٹ ادو(خبر نگار)مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کیلئے نکالا جارہاہے،جن کی16/16 ارب کی کرپشن ظاہر ہو چکی وہ میدان میں ہیں،حکومت کو گرانے کے لئے اپوزیشن کی ضرورت نہیں یہ خود اپنی غلطیوں سے گرے گی،کچھ جماعتیں اس وقت این آر او کی تلاش میں ہیں،شہباز شریف وزیر اعظم پرویز الہی وزیر اعلی اور زرداری صدر کا نیا فارمولا آگیا،اپوزیشن جماعتیں اگر عدم اعتماد میں کامیاب ہو جاتی ہیںتو وزیر اعظم کے پاس اسمبلیاں توڑنے کا آپشن موجود ہے،پریس کلب کوٹ ادو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ایک جماعت اسٹیبلشمنٹ سے مل کر این آر او مانگ رہی ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور عدم اعتماد عوام کے لئے نہیں کیا جارہا بلکہ اپوزیشن جماعتیں جن کے کیسز اب فائنل ہو رہے ہیں این آر او کی تلاش میں نکلے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ ماضی میں پرویز مشرف نے این آر او دیا جو کہ آج تک کہہ رہے ہیں کہ ان کے 9 سالہ دور کی سب سے بڑی غلطی این آر او دینا تھا،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب آئی تھی تو کہتی تھی کہ امپائر انگلی اٹھائے گا اور اب اپوزیشن امپائر کب انگلی اٹھائے گا کی منتظرہے عوام کی انگلی کو کوئی نہیں دیکھ رہا،اس نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کچھ ٹھیک نہیں ہیں،یوکرین میں جنگ لگی ہوئی ہے امریکہ افغانستان سے مار کھا کر ڈرگیا ورنہ تیسری عالمی جنگ کا خطرہ تھا،لانگ مارچ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے نکلتے ہی این آر او لے لیاتھا اب دوسرا این اراو لینے کے چکر میں ہیں،اعجاز الحق نے کہا کہ اس وقت حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے،ملک میں لاقانونیت بیروزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے،یوکرین جنگ کی وجہ سے مزید مہنگائی ہوگی اورپیٹرول کی قیمت بھی بڑھے گی،پیپلز پارٹی بیت المال کے پیسوں سے برسیاں کرتی ہے،ان تمام جماعتوں نے آج تک عوام کو کچھ نہیں دیا،یہ لاہور آئیں جلسہ کرکے دکھائیں ،انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ضیاء کی آرگنائزیشن کے لئے جلد ہی وہ جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔ اعجاز الحق کا مظفر گڑھ آمد پر پرجوش استقبال کیا گیا ہے ،پاکستان مسلم لیگ ضیاء ضلعی صدر اعظم قریشی کی قیادت میں اپنے قائد کا زبردست استقبال کیا ورکروں نے نعرے بازی اور ڈھول کی تھاپ پر اپنے قائد کو ضلعی صدر کی رہائش تک پر جوش استقبال کرکے پہنچایا،وہاں پر انہوں نے ضلعی صدر کے ماموں کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔
اپوزیشن ایمپائرکی اگلی اٹھنے کے انتظار میں ہے:اعجاز الحق
Feb 28, 2022