بزرگان دین کی تعلیمات سے  دنیامیں اسلام پھیلا، سعید بیگ 

Feb 28, 2022

کراچی (     نیو ز ڈیسک)بزرگان دین کی تعلیمات میں امن، پیار، بھائی چارے کا درس پوشیدہ ہے۔ بزرگان دین کی تعلیمات ہمارے لئے قیامت تک کے لئے مشعل راہ ہیں۔صرف جھوٹ نہ بولنے کا عزم کرلیا جائے تو ہمارا مستقبل محفوظ ہوجائے،حضرت سیدعالم شاہ بخاری ؒنے بندگان خداکو دین کے راستے پر چلایا۔یہ باتیں پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے حضرت سید عالم شاہ بخاریؒ کے عرس مبارک کے موقع پر مزارمبارک پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ نئی نسل کی پرورش اور تعلیم وتربیت  میںوالدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ انہیں دین اسلام کے بارے میں صحیح معلومات فرا ہم کریں تاکہ وہ بچے جب جوان ہوں تو انہیں اسلام کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہوں۔انہوں  نے کہا کہ سردارالاولیاء حضرت غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی تربیت ان کی ماں نے اعلیٰ درجے پر کی جس سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہم بچوں کی تعلیم و تربیت قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں کریں تو آج بھی امت مسلمہ میں غوث، قطب، ابدال پیدا ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات سے دنیابھر میں اسلام پھیلا، علماء مشائخ کی روشن تعلیمات ہمارے لئے قیامت تک مشعل راہ ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اسلاف کے کارہائے نمایاں زندہ رکھنے کیلئے آگاہی اور تربیتی نشستوں کا اہتمام کریں۔ان کاکہناتھاکہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت کا اہتمام کیاجائے اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ اسلام ایک بہترین ضابطہ اخلاق ہے جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی کے متعلق رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی ابتدائی ترویج و اشاعت بزرگان دین کی آمد سے ہوئی، اور آج تک پورا خطہ ان کے فیوز و برکات سے مستفید ہورہا ہے۔اس موقع  پرانہوں نے ملکی سلامتی، مقبوضہ جموں و کشمیراور فلسطین کی آزادی اور امت مسلمہ کی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کی۔
سعید بیگ 

مزیدخبریں