اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس جاری کرناغیر آئینی ہے،نااہل عوام دشمن حکمرانوں کی رخصتی نوشتہ دیوار ہے،مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں ملک میں تعمیر وترقی ہوئی اورعوام کا معیارزندگی بلند ہوا، تبدیلی سرکار کی ناکام پالیسیاں عوام کیلئے وبال بن چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے کی رپورٹ نے تبدیلی سرکار کے کرپشن کے خاتمے کا پول کھول دیا ہے، قائد مسلم لیگ(ن) میاں نوازشریف کی مدبرانہ سوچ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا پیغام ہے،عوام باشعور ہوچکے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ کس نے خدمت کی اور کس نے کھوکھلے نعرے لگا کر عوام سے ووٹ لئے مگر عوام کو کچھ نہ دے سکے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی حالات تبدیل کرنے ،بے روزگاری کو ختم کرنے،روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے دعویداروں نے اقتدار میں آ کر بھوک بانٹی اور عوام معاشی طورپر کمزور ہوگئے ہیں،بجلی، گیس، آٹا،چینی، دالیں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میںعدم استحکام حکومت کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے۔