اسٹرابیری ... خوبصورت پھل صحت کے لیے بھی فائدہ مند

Feb 28, 2023 | 00:29

ویب ڈیسک

موسم سرما جاتے جاتے اسٹرابیری کا تحفہ دے کر جاتا ہے جو صرف ذائقے دار ہی نہیں بلکہ صحت کی ضمانت بھی ہے۔جدید طبی تحقیقات کے مطابق اسٹرابیری کا روزانہ استعمال انسان کی قوت مدافعت کو بڑھانے اور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسٹرابیری میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں، جو عارضہ قلب اور کینسر جیسے کئی مہلک امراض کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسٹرابیری میں پوٹاشیم اور منرلز ہوتے ہیں جو جسم کا مدافعتی نظام بہتر بناتے ہیں۔اسٹرابیری میں موجود ایلیجک ایسڈ اور فلیونوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ یہ خون میں خراب کولیسٹرول کے اثرات کا مقابلہ کرتے ہیں، جو شریانوں میں خون گاڑھا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، جو کولاجن کو بڑھانے کے لیے بھی اہم ہے۔ کولاجن جِلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اسٹرابیری موتیے کے مرض کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اجزا جوڑوں کے ورم کا اثر کم کرنے میں بھی ممکنہ طور پر مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری کا استعمال گلوکوز کو ہضم کرنے کے عمل کو سست اور انسولین کے استعمال کو معتدل کرتا ہے، خاص طور پر جب وہ زیادہ کاربوہائیڈریٹ والے کھانے کے ساتھ کھائی جائیں۔ اسٹرابیری میں موجود پولیفینول ٹائپ 2 ذیابطیس کے اثرات کو بہتر کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ خاص طور پر، وہ بلڈ شوگر کو کنٹرول اور بلڈ پریشر کو منظم کرتا ہے۔ایک مطالعے کے مطابق اسٹرابیری اور دیگر بیریز میں موجود غذائیت سے بھرپور مرکبات بعض اقسام کے کینسر سے بچانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر معدے اور چھاتی کے کینسر کو روکنے میں مددگار ہیں، لیکن کچھ حد تک منہ، پھیپھڑوں، پروسٹیٹ، جگر اور لبلبے کے کینسر کو بھی روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔کسی ایک مرکب کی نشاندہی کرنے کے بجائے مصنفین نے قیاس کیا کہ فائدہ ممکنہ طور پر اسٹرابیری میں موجود تمام مرکبات کے مشترکہ اثر سے ہوتا ہے۔

مزیدخبریں