اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت حکومتی سطح پر بچت پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پہلا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری خزانہ نے کابینہ کے فیصلوں اور عملدرآمد پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزارتوں اور ڈویژنز کو اقدامات پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ وفاقی سیکرٹریز کو وزارتوں اور ڈویژنز کے کرنٹ بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ کمیٹی نے تمام وزارتوں کو وقت اور وسائل بچانے کیلئے اجلاس ٹیلی کانفرنسز کے ذریعے کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزراء اور افسران سے لگژری گاڑیاں واپس لی جائیں۔ سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بچت کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں اے ڈی بی کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اے ڈی بی کے وفد نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات اور اہم اقتصادی شعبوں میں پالیسی فیصلوں کو سراہا۔ وفد نے موسمیاتی فنانسنگ اور ماحولیات کے تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کے لیے ہر طرح کی حمایت اور تعاون کا اظہار کیا۔