اس برس الیکشن ضرور ہوگا،پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم،عمران کو کٹہرے میں کھڑا کرینگے:مریم نواز


ساہیوال+ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیٹ نیوز+ نمائندہ خصوصی) مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کو وقتی طور پر نقصان ہوا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچا لیا۔ اس سال الیکشن ضرور ہو گا لیکن اس سے پہلے نواز شریف کی سزائیں ختم ہوں گی اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ ساہیوال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی 2 روپے کی، چینی 50 روپے کلو، آٹا 35 اور گھی 140 روپے، بجلی 11 روپے یونٹ، پٹرول 65 روپے لٹر ملتا تھا۔ نواز شریف نے 22،22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی۔ آئی ایم ایف کا بوجھ عوام پر نہیں پڑنے دیا تھا۔ نواز شریف نے پاکستان کو موٹرویز، سی پیک دیا۔ نواز شریف جب وزیر اعظم بنا تو پاکستان نے ٹیک آف کیا۔ نواز شریف کو جب جب نکالا گیا پاکستان نیچے کی طرف گیا۔ ملک سنبھلنے میں نہیں آ رہا۔ نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا۔ پاکستان کو گرہن کی طرح پاناما بینچ لگ گیا۔ پاناما بینچ میں 5 ججز شامل تھے۔ پاناما بینچ کو نواز شریف برا لگتا تھا۔ نواز شریف سے انتقام لینا تھا لے لیتے لیکن غریب کا چولہا کیوں بند کیا۔ ان کے بعد پاکستان سنبھل نہیں رہا۔ اگر آج آئی ایم ایف کے ہاتھوں ملک گروی پڑا ہے تو پاناما بینچ بنانے والے ذمہ دار ہیں۔ عمران خان کا دوسرا نام فتنہ خان ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا چور جس نے گھڑیاں تک نہیں چھوڑیں۔ تکلیف تو یہ ہے اس کو لانے والے جانتے تھے تباہی کا دوسرا نام ہے، اس کے پاس کردار اور کارکردگی نہیں تھی۔ تم نے نواز شریف کی نفرت میں پاکستان تباہ کر دیا، شرم کرو۔ مسلم لیگ کے پاس دو راستے تھے۔ یہ جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدہ پھاڑ گیا۔ اگر مسلم لیگ معاہدے کی پاسداری نہ کرتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔ نواز شریف کو ان کا گند صاف کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے۔ جواب دو، کب تک پاکستان یونہی دائروں میں چکر لگاتا رہے گا، جواب چاہیئں۔ ہے کوئی جو ملک میں انصاف کرے۔ یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ہو گا اور انشاءاللہ ضرور ہو گا۔ الیکشن میں شیر بھاری اکثریت سے جیتے گا۔ الیکشن ہو گا لیکن پہلے انصاف ہوگا۔ الیکشن ہوگا لیکن پہلے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔ الیکشن ہوگا لیکن پہلے ترازو کے پلڑے برابر کیے جائیں گے۔ پہلے گھڑی چور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرو پھر الیکشن ہوگا۔ نواز شریف سے ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا، ان کی غلط سزائیں ختم ہوں گی۔ پاناما بنچ کو پہلے سسلین مافیا اور گاڈ فادر کے القابات واپس لینے ہوں گے۔ نواز شریف کی بیٹی سامنے کھڑی ہے، عمران خان کی بیٹی کدھر ہے؟۔ پہلی بار کسی وزیراعظم نے اتنا جھوٹ بولا اور اپنی اولاد تک چھائی۔ نواز شریف نے بہت سی پیشیاں بھگتیں، عمران خان بھی بھگتے گا۔ پہلے عمران خان کی بھی دو سو پیشیاں ہوں گی پھر الیکشن ہوگا۔ پہلے ووٹ کو عزت دو کا انصاف ہوگا پھر الیکشن ہوگا۔ آج انصاف کر دو پھر کل اس ملک میں الیکشن کرا دو ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ عدلیہ کا جو معیار نواز شریف کے لیے تھا وہی عمران خان کے لیے چاہیے۔ عمران خان! جن لوگوں نے تمہیں کندھے پر بٹھایا ہوا تھا وہ اسٹیبلشمنٹ گھر کو جاچکی اور اللہ کو پیاری ہوچکی اور اب جن ججز کے کندھے پر بیٹھ کر تم دوبارہ آنے کی تیاری کررہے ہو وہ کندھے نہیں رہیں گے۔ یہ کیسا پلستر ہے جو 5 ماہ سے اتر نہیں رہا۔ مسلم لیگ ن نے 5 سال انتقام کا سامنا کیا۔ ان کو چاہئے بلے کی بجائے انتخابی نشان چوہا رکھ لیں۔ آج بھی عمران خان کو ریلیف مل رہا ہے۔ ملک ایک ہے‘ عدالتیں ایک ہیں‘ آئین ایک پھر قانون کیوں دو ہیں۔ عمران خان کی جانب سے واویلا کیا جارہا ہے کہ ان کے کارکنوں کو دور دراز کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر داخلہ 12 مارچ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے لاہور سمیت دیگر ہوائی اڈوں کو سعودی عرب کے انقلابی پروگرام روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر حتمی فیصلہ ہوگا۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خطہ خلیج کے ساتھ بین الاقوامی تعاون کمیٹی کے سربراہ حافظ شفیق کاشف کے گھر آمد کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
مریم نواز

ای پیپر دی نیشن