لاہور‘ شیخوپورہ، حافظ آباد (خصوصی نامہ نگار‘ کامرس رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک کی کال پر گزشتہ روز مختلف شہروں میں جزوی ہڑتال کی گئی۔ کئی مقامات پر ٹی ایل پی کے ڈنڈا برداروں کی طرف سے دکانیں زبردستی بند کرانے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیل کے مطابق مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ سعد رضوی کی کال پر لاہور میں کاروباری برادری نے جزوی ہڑتال کی۔ تاہم ترجمان ٹی ایل پی صدام حسین کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کی کال پر لاہور، ملتان، کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی بے روزگاری اور تاجروں کے معاشی قتل عام کے خلاف شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کے باعث دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہی۔ لاہور میں انارکلی، نسبت روڈ، ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، رنگ محل، اکبری منڈی، اچھرہ، بیڈن روڈ ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، اردو بازار سمیت متعدد مارکیٹیں بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم تھی۔ لاہور میں غیر یقینی صورتحال پر متعدد سکول بھی آج بند رہے‘ تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے۔ تاجر تنظیموں نے تحریک لبیک پاکستان کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔ سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق نے زبردستی دکانیں بند کرانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجروں کو تحفظ کا یقین دلایا۔ حافظ آباد شہر میں بعض مقامات پر دکانیں بند رہیں جبکہ بازار اور مارکیٹوں میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔ مہگائی اور عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف ہڑتال کی کال پر شیخوپورہ کے تمام بڑے چھوٹے کاروباری مراکز بند رہے تو دوسری طرف انتظامیہ کاروباری مراکز کھلوانے کیلئے سرگرم رہی مگر اس کے باوجود سارا دن کاروباری مراکز بند رہے۔ تحریک لبیک کے کارکنان لیبک یا رسول کے نعرے لگاتے ہوئے جلوسوں کی شکل میں گشت کرتے رہے۔ جبکہ ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے بھی بازار کا دورہ کیا۔ تحریک لبیک ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ فوارہ چوک راولپنڈی میں زیر صدارت رکن شوری و امیر تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری منعقد کیا گیا جس میں ضلعی قیادت سمیت راولپنڈی راجہ بازار مری روڈ کھنہ روڈ کے تاجر برادری، وکلا برادری اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سعد رضوی نے ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ہڑتال
مہنگائی کیخلاف تحریک لبیک کی کال پر جزوی ہڑتال،کاروبار،پہیہ بند کرانے کی اطلاعات
Feb 28, 2023