اللہ دیکھ رہا ہے، ایک بہترین کتاب 

Feb 28, 2023

محمد عمران الحق

تحریر: محمد عمران الحق۔لاہور 
جوں جوں زندگی تیز ہوتی چلی جا رہی ہے اور دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے تو کتب بینی میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مگر میں ایک بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اچھی کتب آج بھی پڑھی جاتی ہیں۔ مطالعے کے فقدان کے باوجود قاری اور لکھاری دونوں ہی اس تجسس میں رہتے ہیں کہ اچھا لکھا اور پڑھا جائے۔اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ کتاب ایک بہترین دوست ہے اور اس کی دوستی باعث نفع ہے نقصان نہیں۔اس سے علم کی ترسیل ہوتی ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہؐ نے فرمایا کہ ’’حکمت و دانائی کی بات مومن کا گمشدہ سرمایہ ہے۔جہاں اس کو پائے وہی اس کا سب سے زیادہ حق دار ہے۔‘‘(سنن ابن ماجہ) محمد اظہر بیگ کی کتاب ’’اللہ دیکھ رہا ہے‘‘ (خود سے خدا تک)  میرے سامنے پڑی ہے۔یہ کتاب معروف اشاعتی ادارے قلم فاونڈیشن کے زیر اہتمام علامہ عبد الستار عاصم اور محمد فاروق چوہان نے شائع کی ہے۔ کتاب کا بنیادی موضوع یہ ہے کہ زندگی کی ابتدا سے لے کر آخری سانس تک اللہ رب العزت اپنی مخلوق کے ہر ہر لمحے سے واقف ہے، اور وہ جانتا ہے کہ انسان اپنی زندگی کس طرح اور کن کاموں میں بسر کر رہا ہے۔یہی ’’اللہ دیکھ رہا ہے‘‘ کا موضوع ہے۔کتاب میں یہ بتایا گیا ہے کہ اگر ایک مرد مومن اور انسان یہ سمجھ لے اور جان لے کہ اسے اللہ کریم ہر آن، ہرلمحے دیکھ رہا ہے اور روز قیامت انسان کودنیا کے ایک ایک لمحے کا جواب دینا ہے اور یہ سوال اتنا آسان نہیں کہ زندگی کیسے بسر کی؟
 محمد اظہر بیگ اعلیٰ تعلیم یافتہ لیکن سچے، کھرے اور سادہ مسلمان ہیں۔ علم و ادب اور مذہب کا مطالعہ ان کا حاصل زندگی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے قلم سے انسانوں کی زندگی سنوارنے، انہیں اپنے رب سے ہر لمحے ڈرتے رہنے اور زندگی کو رب تعالیٰ کے حکامات کے طابع گزارنے کا درس دیا ہے۔ وہ اللہ کے بندوں کوصراط مستقیم پر دیکھنے کے متمنی ہیں۔ یہ کتاب ایک ایسا آئینہ ہے،جس میں قاری اپنی تصویر دیکھ کر اس میں خوبصورت رنگ بھرنے کی جستجو کر سکتا ہے۔ کتاب کے تقریظ نگار حافظ محمد ادریس ہیں جو کہ کسی تعارف کے محتاج نہیں، انہوں نے کتاب اور مصنف کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمداظہر بیگ صاحب نے توحیدپر بہت ہی مؤثر، دلنشیں اور مختصر مگر جامع انداز میں ایک کتاب مرتب کی ہے۔ اس کے 21مختصر عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔ ہر عنوان کے تحت اس درس قرآن و سنت اور علمائے حق، سلف صاحین و ائمہ مجتہدین کے اقوال و تشریحات سے مزین و محکم بنادیا گیاہے۔ کتاب کے درس نمبر7 میں ائمہ اربعہ اور امام ابن قیم کے علاوہ برصغیر کے معروف عالم امام احمد رضا خان بریلوی کے توحید کے بارے میں خیالات بھی حوالوں کے ساتھ درج کیے گئے ہیں۔ اسی طرح برصغیر میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے بارے میں جو انتہائی غلط عقائد ورسومات رائج ہوگئی ہیں ان کا ردّ باب نمبر 13 میں خود حضرت عبدالقادر جیلانی کے ملفوظات سے بہت دل نشین انداز میں کیا گیاہے۔ حضرت جیلانی سلفی العقیدہ اور فقہ حنبلی کے پیروکار تھے۔ ان کے بارے میں جو خرافات ہم سنتے ہیں ان کا حضرت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ مؤلف کاانداز بیاں دل میں اتر جانے والا اور توحید کا پیغام عام کرنے والے اہل حق کے لیے اپنی بات پیش کرنے اور ابلاغ کو تقویت پہنچانے کاذریعہ ثابت ہوگا۔ محض جذباتی انداز میں تبلیغ کرنے کی بجائے مؤلف نے دلائل کے ساتھ ہر بات کو پیش کیا ہے۔ استدلال میں کہیں کوئی سقم نہیں چھوڑا گیا۔ کتاب کے متن میں مستند حوالہ جات درج ہیں اور کتاب کانام بھی بہت پیارا اور تربیت آموز ہے۔ ’’اللہ دیکھ رہا ہے۔‘‘ یہ صرف حافظ محمد ادریس کی رائے ہی نہیں بلکہ اس بات کا برملا اعتراف بھی ہے کہ کتاب ہر لحاظ سے پڑھنے کے لائق ہے اور اس کو ہر لائبری کی زینت بنانا چاہئے۔گہرے نیلے رنگ کے خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ کتاب عمدہ کوالٹی کے بہترین کاغذ پر معیاری طباعت و کتابت کا نمونہ ہے۔ گرانی کے اس دور میں کتاب کی قیمت مناسب ہے۔ کتاب قلم فاونڈیشن کے آفس واقع یثرب کالونی بینک سٹاپ والٹن روڑ لاہور کینٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ آپ اس پتے پر خط لکھ کر بھی یہ کتاب منگوا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں