لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان سمیت دیگر نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں بگاڑ کا ذمہ دار اور اسے پراگندہ کرنے والا عمران نیازی ہی ہے جس نے ایک مہذب پاکستانی معاشرے کی تہذیب کوروندااور بد ترین تقسیم اور نفرت کی فضا کو پیدا کیا۔انہی حرکتوں کے باعث ملکی اداروں میں ٹوٹ پھوٹ نظر آتی ہے اور اس عمل سے عمران نیازی نے ریاست کا چہرہ بھی دھندلہ کر دیاہے۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاڈلا ابھی تک اقتدار کے حصول کیلئے بلیک میلنگ کی سیاست کر رہا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر پوزیشن پر لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خالق جماعت پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز اور پاکستان کے دفاع کیلئے ہر سطح پر جنگ لڑیگی اور پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثاب ہوگی۔