لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل 8 کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 110 رنز سے شکست دیدی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 90 رنز پر سمٹ گئی۔ بہترین بائولنگ لائن کے آگے بہترین بیٹنگ لائن کی ایک نہ چل سکی جس کے 8کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ رحمان اللہ گرباز 23، کولن منرو 18 اور ٹام کرن 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیوڈ ویزے نے 3 وکٹیں لیں جبکہ راشد خان اور سکندر رضا کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔ حارث رؤف اور زمان خان ایک ایک وکٹ لے سکے۔اس فتح کے ساتھ ہی لاہور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قلندرز کا آغاز اچھا رہا، لیکن اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار بائولنگ لائن نے رنز کی سپیڈ کو بریک لگائی۔ فخر زمان 36 اور مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے سیم بلنگز کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔عبداللہ شفیق 24 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ سیم بلنگز 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ڈیوڈ ویزے نے 12، راشد خان نے 18 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ ٹام کرن 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے دو وکٹیں لیں۔ ابرار احمد اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں لاہور قلندرز کا مسلسل دوسری مرتبہ 200 یا اس سے زائد سکور ہے۔ ڈیوڈ ویزے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔