پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں:جاپانی سفیر


مکوآنہ ( این این آئی )پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے کاروباری افراد کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیرواڈامنشو ایرا نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس موقع پر سینئر نائب صد رڈاکٹر سجاد ارشد بھی موجود تھے۔ جاپانی سفیر نے بتایا کہ ا±ن کا ملک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہے جبکہ جائیکا کے تعاون سے فیصل آباد میں فراہمی اور نکاس آب کے کئی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے اور اِن منصوبوں کیلئے قرض کی بجائے گرانٹ ان ایڈ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ عرصہ قبل تک جاپان کی الیکٹرانکس سے متعلقہ مصنوعات پاکستان میں براہ راست درآمد کی جارہی تھیں مگر پالیسی مشکلات کی وجہ سے اب یہی مصنوعات دوسرے ملکوں کے ذریعے سمگل ہو کر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اِن عوامل کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ سمگلنگ کی بجائے اِن اشیائ کو براہ راست قانونی طریقہ کار کے تحت درآمد کیا جا سکے۔ جاپانی سفیر نے ایک فوڈ کمپنی کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ یہ جاپانی کمپنی بہت سے مسلم ممالک سمیت دنیا بھر کو اپنی مصنوعات برآمد کر رہی تھی مگر پاکستان میں اس پر بلاوجہ پابندی لگا دی گئی ہے حالانکہ یہ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی خواہاں تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اور بزنس کمیونٹی کو ایسے معاملات کا جائزہ لیکر ایسے سازگار حالات پیدا کرنے چاہئیں جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی عملی طور پر حوصلہ افزائی ہو اور دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان میں تہذیب و ثقافت کے فروغ کیلئے مدد کرنے کو بھی تیار ہے۔ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے جاپان کی صدیوں پرانی تہذیب و ثقافت کو سراہا اور کہا کہ اس ملک کی ترقی دنیا کے دوسرے ترقی پذیر ملکوں کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلوں کی بھی تجویز پیش کی اور کہا کہ ہمیں جاپان کی تعلیمی، تحقیقی، صنعتی اور آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صدر چیمبر نے جاپانی سفیر کو یقین دلایا کہ وہ فیصل آباد کی تجارتی تنظیموں کی مکمل فہرست انہیں مہیا کریں گے تاکہ وہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی سے باہمی رابطوں کو مستحکم بناسکیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے فیصل آباد میں فراہمی آب کیلئے بھی جاپان کی مدد کو سراہا۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی۔
جاپانی سفیر

ای پیپر دی نیشن