الیکشن کی تاریخ، سپریم کورٹ سٹیک ہولڈرز کو متفق کرے: سراج الحق 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ الیکشن کے معاملات میں کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرے اور پورے ملک میں انتخابات کی ایک تاریخ پر متفق کر لے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ ملک کے مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، جماعت اسلامی نے ہمیشہ اس کے لیے جدوجہد کی ہے، ہم الیکشن میں اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ جائیں گے، اگر پی ٹی آئی کے لیے سیاست کھیل اور ن لیگ کے لیے تجارت ہے تو جماعت اسلامی اسے مخلوق خدا کی خدمت اور عبادت سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی ہو یا پی ٹی آئی کی، اس ملک کی حکمران جب تک کرپٹ اشرافیہ رہے گی، عوام کو سکون نہیں مل سکتا، ان لوگوں نے آئی ایم ایف کہنے پر غریبوں پر مزید 170ارب ٹیکسز لاد دیئے، یہ خود اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں نہ یہ کابینہ کو مختصر بنانا چاہتے ہیں، ملک کے وزیرخارجہ مسلسل سفر میں ہیں، انہوں نے دنیا کے اس ملک کا بھی دورہ کر لیا جس کا ہم نے کبھی نام نہیں سنا تھا مگر وہ نہیں گئے تو خیرپور نہیں جا سکے جہاں نجی جیلیں قائم ہیں، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ہوتی ہیں، صرف کچے کے علاقے میں 46مظلوم پاکستانی ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کی قید میں ہیں اور ان میں سے بیشتر کا تعلق صوبہ خیبرپی کے کے علاقوں سے ہے جو کراچی میں محنت مزدوری کے لیے گئے بعد میں وہاں سے اغوا کر لیے گئے۔ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، 14پارٹیوں کی حکومت جب سے قائم ہوئی ہے ملک مسلسل انحطاط کی جانب بڑھ رہا ہے، میاں محمد اسلم، امیر العظیم اور نصراللہ رندھاوا بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ”گوادر کو حق دو تحریک“ کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ 9مارچ کو پورے ملک کے جماعت اسلامی کے ٹکٹ ہولڈرز کا کنونشن اسلام آباد میں منعقد کر رہے ہیں، عظیم الشان کنونشن میں اہم قومی مسائل سے متعلق فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔
 سراج الحق 

ای پیپر دی نیشن