حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا ہے: چودھری پرویزالٰہی

Feb 28, 2023 | 21:01

ویب ڈیسک

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے امریکہ کے منتخب نمائندگان اور پاکستانی نژاد امریکی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی. جس میں پاک امریکہ تعلقات اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں وفد نے پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کے معاملے پر چودھری پرویزالٰہی کی تعریف کی اور انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی مختلف کمپنیاں پنجاب میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی امریکہ اور پاکستان کے بہترین تعلقات کیلئے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پی ڈی ایم انتخابات سے خوفزدہ ہے، نااہل حکمران ٹولے کی ایک ہی خواہش ہے کہ کسی طرح انتخابات نہ ہوں جبکہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال فوری طورپر عام انتخابات کا تقاضا کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین شکنی کی طرف بڑھنے والے حکمران اب عدلیہ پر حملہ آور ہیں، مریم نواز عدلیہ پر حملوں میں پیش پیش ہیں روزانہ عدلیہ کے خلاف غیر مناسب لب و لہجہ اختیار کیا جارہا ہے، مریم نواز چاہتی ہیں کہ سیاسی مخالفین کے خلاف عدالتی فیصلے وہ خود سنائیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر ضمنی انتخابات کا نتیجہ پی ڈی ایم کو اس کی سیاسی حیثیت بتارہا ہےجبکہ حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، عمران خان قوم کا ہیرو ہے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ آئین کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات کا حکم دے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر آصف محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ڈاکٹر آصف محمود نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید استحکام کیلئے کام کرسکوں. امریکہ اور پاکستان عشروں سے ایک دوسرے کے ساتھ چل رہے ہیں۔

مزیدخبریں