لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 60 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کرلی‘لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ کے پلے آف مرحلہ سے آئوٹ ہو گئی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے قلندرز کے خلاف ٹاس جیتا او رپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز نے 4 وکٹوں پر 214 رنز بنائے ۔ عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ۔ افتخار احمد18 گیندوں پر 40 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔کپتان رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے 40، طیب طاہر نے 21 رنز بنائے جبکہ خوشدل شاہ 3 ر نز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔لاہور قلندر ز کی ٹیم جواب میں 17اوورز میں 154رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ صاحبزاہ فرحان 31‘فخر زمان 23‘رسائی وینڈر ڈوسن 30‘کامران غلام12‘سکندر رضا17‘شاہین شاہ آفریدی 9‘جارج لنڈے 5‘کارلوس بریتھویٹ 14‘جہانداد خان صفر ‘سلمان فیاض 8‘زمان خان ایک رن بناسکے ۔اسامہ میر نے 6کھلاڑیو ں کو آئوٹ کیا ۔ فیصل اکرم نے دو ‘خوشد ل شاہ اور شاہ نوا ز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اسامہ میر پی ایس ایل میں 6وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے سپنر بن گئے،عثمان خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی، قلندرز نے 6 میچز کھیلے اور تمام میں شکست ہوئی۔دوسری جانب ملتان سلطانز 6 میچ کھیل کر 5 میں کامیابی کے بعد 10پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔