مرکز میں حکومت سازی کا شیڈول تیار، آج حتمی مشاورت ہو گی

Feb 28, 2024

اسلام آباد (عترت جعفری) قومی اسمبلی کے جمعرات کو  اجلاس، وفاقی کابینہ کی تشکیل، بلوچستان میں حکومت سازی، قومی اسمبلی اور سینٹ   کے ا ہم مناصب کے الیکشن، صدارتی الیکشن، اور اتحادی حکومت میں رولزآف گیمز  طے کرنے کے لیے آج حتمی مشاورت ہوگی، مسلم لیگ ن کی میز بانی میں دیئے جانے و الے عشائیہ میں تمام اتحادی پارٹیوں کے رہنما اور ارکان شریک ہوں گے، اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں شرکت سے قبل پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جس میں ان تمام ایشوز پر حکمت عملی کو طے کیا جائے گا، پیپلز پارٹی کے نو منتخب ارکان اسمبلی کو پہلے ہی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، بیشتر ارکان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج تین بجے دوپہر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ رات کو عشائیہ میںن لیگ کے قائد نواز شریف بھی موجود ہوں گے، اور امکان ہے کئی برسوں کے بعد آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کا آمنا سامنا ہو گا ، پیپلز پارٹی کے ذرائع سے جب ڈنر میں آصف علی زرداری کی شرکت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ہمیں ابھی اس کی دعوت نہیں ملی، مگر مسلم لیگ ن کے ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ اتحادی جماعتوں کے قائدین ڈنر میں موجود ہوں گے، دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں میں حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد قائدین مشاورت کریں گے، اس مشاور تی اجلاس کے بعد صدر کے انتخاب ، وزیراعظم کے چناؤ ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین سینٹ ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے مناصب کے حوالے سے صورتحال مکمل طور پر واضح ہو جائیگی،دریں اثناپارلیمنٹ ہاؤس میں اسحاق ڈار کے چیمبر میں اہم اجلاس ہوا جس میں ن لیگ ، پیپلز پارٹی رہنما اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ حکام نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے مرکز میں حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا گیا ہے،،ذرائع کے مطابق کل نو منتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔یکم مارچ کوسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے،2مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا، تین یا4مارچ کو قومی اسمبلی  میںنئے وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔

مزیدخبریں