اسلام آباد (وقائع نگار) این اے 15 انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم و سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے وکیل نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کی درخواست کر دی۔ الیکشن کمشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ رکن سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 2 رکنی کمشن نے این اے 15 مانسہرہ سے متعلق نواز شریف کی عذرداری پر سماعت کی۔ نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون اور آزاد امیدوار گشتاسب خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔ جہانگیر جدون نے دلائل کے دوران حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کی استدعا کر دی۔ الیکشن کمشن نے کراچی کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے نتائج کے خلاف درخواستیں مسترد کر دیں۔ الیکشن کمشن نے تینوں حلقوں کے نتائج کے خلاف درخواست گزاروں کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این اے 237 کراچی سے امیدوار ظہور الدین، این اے 239 سے محمد یاسر اور این اے 241 سے تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان کی درخواستیں مسترد کی گئی ہیں۔