گوادر: طوفانی بارش سے تباہی، شہر ڈوب گیا، کئی مکان گر گئے، زمینی رابطہ منقطع

گوادر (نوائے وقت رپورٹ) گوادر اور ملحقہ علاقوں میں 15 گھنٹے سے زائد جاری موسلا دھار بارش سے بیشتر علاقے زیر آب آ گئے۔ سینیٹر کہدہ بابر نے بتایا کہ گوادر میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے اب تک سات مکان گر چکے ہیں۔ شہری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ تیز ہواؤں کے باعث کئی کشتیاں ٹکرا کر ٹوٹ گئیں۔ پورا گوادر شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ بارش کا پانی رہائشی علاقوں اور بازاروں میں داخل ہو گیا۔ میری اپیل ہے کہ گوادر کو آفت زدہ  علاقہ قرار دیا جائے۔ بارشوں نے تباہی مچا دی۔ لوگوں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ جتنی انتظامیہ ہے اس کی امدادی کارروائیاں ناکافی ہیں۔ ڈی سی گوادر کے مطابق موسلا دھار بارش  رک گئی  ہے۔ گوادر کی اندرونی شاہراہیں بارش سے متاثر ہوئی  ہیں۔ تربت اور کراچی  سے گوادر کا رابطہ بحال ہے۔ سات گھر مکمل طور پر گر گئے۔ بڑی تعداد میں گھر جزوی  متاثر ہوئے ہیں۔ شہر کے نواحی اور پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ جیونی، کلانچ، سرنیندن پیشکان، پلیری اور نگور شریف میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام تباہ ہو گیا۔ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ بعض سڑکیں بیٹھ گئیں۔16 گھنٹوں کی طوفانی بارش نے گوادر میں تباہی مچا دی ہے۔ مقامی افراد نے دہائی دی ہے کہ پانی کے نکاس کا کوئی انتظام نہیں۔ گوادر کے متعدد علاقوں میں مکان 6 فٹ تک پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ لوگوں کو خوراک کی مشکلات ہیں۔ سربندر کا گوادر سمیت دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ لوگوں کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں بچی۔ انتظامیہ اور حکومت کہیں موجود نہیں۔ لوگوں کے کچے مکانات گر گئے ہیں۔ ڈی سی گوادر کے مطابق سات گھر مکمل گر گئے۔ بڑی تعداد میں جن گھروں کے گرنے کا خطرہ تھا ان کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نگران بلوچستان حکومت اور پی ڈی ایم اے کے توسط سے متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا۔ امدادی سامان میں خیمے‘ کمبل اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔ گوادر سے پیپلز پارٹی کے نومنتخب ایم این اے ملک شاہ گورگیج نے ڈی سی تربت گوادر سے رابطہ کیا۔ ملک شاہ گورگیج نے انتظامیہ کو امدادی سامان متاثرین تک فوری پہنچانے کی ہدایت کی۔ مشکل میں علاقے کی عوام کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے۔ دریں اثناء کراچی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن مصیبت میں پھنسے گوادر کے شہریوں کی مدد کریں۔ انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کیلئے فوری اقدامات کرے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...