کراچی؍ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) مراد علی شاہ نے مسلسل تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب ہوئی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے حلف لیا۔ تقریب میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، فریال تالپور، پی پی ارکان اسمبلی اور سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بھی آج 28 فروری بدھ کو طلب کر لیا گیا۔ سپیکر میر جان محمد جمالی صدارت کریں گے۔ ارکان حلف اٹھائیں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بھی ہوگا۔ علاوہ ازیں پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس ایک سال بعد آج ہو گا۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب ممبران اسمبلی کی حلف برادری، سپیکر و ڈپٹی سپیکر اور قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ اسمبلی کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کی جائے گی۔ سپیکر مشتاق غنی نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔ جبکہ وزارت اعلیٰ کے لئے نامزد سردار علی امین گنڈا پور آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ سنی اتحاد کونسل 87نشستوں کے ساتھ خیبر پی کے کی بڑی سیاسی جماعت بن گئی۔ صوبے میں جے یو آئی کے 9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پیپلز پارٹی کی پانچ نشستیں ہیں۔ جبکہ اے این پی اور تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے ایک ایک نشست جیتی۔ جبکہ خیبر پی کے کی اپوزیشن جماعتوں کو پانچ مخصوص نشستیں مل گئی ہیں جن میں جے یو آئی اور (ن) لیگ کو دودو جبکہ پی پی پی کے حصے میں ایک نشست آئی ہے۔ 114ارکان اسمبلی آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ اے این پی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کے اعلان کے بعد سکیورٹی کے موثر انتظامات کی ہدایات کی ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو‘ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور فریال تالپور نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ، مراد علی شاہ نے حلف اٹھا لیا، خیبر پی کے، بلوچستان اسمبلی اجلاس آج
Feb 28, 2024