190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ  پر فرد جرم عائد، 6 مارچ کو 5 گواہ طلب

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے 6 مارچ کو ٹوٹل 58   میں سے پانچ گواہوں کو طلب کر لیا  ہے۔ جبکہ ملزموں کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا ہے۔  احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی تو بشریٰ بی بی اور عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزموں کے وکلاء نے عدالت سے سات دن کا وقت مانگا۔ وکیل نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے سے سات دن قبل ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنا ہوتی ہیں۔ 50  کے قریب دستاویزات ایسی ہیں جو پڑھے جانے کے قابل نہیں، یہ دستاویزات اس ریفرنس کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہیں، ہم فرد جرم عائد کرنے میں کوئی رکاوٹیں کھڑی کرنا نہیں چاہتے، عدالتی وقت میں یہ دستاویزات فراہم کر دی جائیں، ہم سات دن بعد دوبارہ آ جائیں گے، بانی پی ٹی آئی بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تیزی سے کیس کو چلانا چاہتے ہیں، ہم نے دستاویزات کی دوبارہ فراہمی کی درخواست بھی دی ہے، عدالت اگر فرد جرم عائد کرنا چاہتی ہے تو اس چیز کو بھی ریکارڈ پر لایا جائے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کراتے وقت تمام ریکارڈ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو فراہم کر دیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو پہلے ہی کافی وقت دے چکے ہیں، مزید وقت نہیں دے سکتے ۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ ہم اس کیس میں تاخیر نہیں چاہتے، 8 فروری سے پہلے نیب کو جلدی تھی اب ہم چاہتے ہیں ریفرنس کی سماعت جلد مکمل ہو۔ فاضل جج نے کہا کہ خان صاحب آپ پہلے بتائیں آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا کہ نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ابھی تک دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا۔ جیل انتظامیہ نے کہا تھا اتوار کو ڈاکٹر آئے گا، اب جیل انتظامیہ کہہ رہی ہے اگلے اتوار کو ڈاکٹر آئے گا۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ڈینٹسٹ اور جنرل فزیشن سے چیک اپ کے لئے دو درخواستیں دائر کی گئیں جو عدالت نے منظور کر لیں۔ فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ پر فریم چارج کیا جا رہا ہے آپ بتائیں guilty ہیں کہ نہیں؟۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ میں نے چارج شیٹ پڑھ کر کیا کرنا ہے، مجھے معلوم ہے اس میں کیا لکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن