تل ابیب‘ واشنگٹن‘ ریاض (این این آئی) اسرائیلی فوج کے رفح، شمالی و جنوبی غزہ میں حملے جاری ہیں۔ بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر ممنوعہ سفید فاسفورس کے گولے برسا دئیے۔ 96 فلسطینی شہید، 172 زخمی ہو گئے۔ جبکہ دوسری جانب مسلم نفرت میں عالمی دنیا مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ وزارت صحت غزہ کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 878ہو گئی جبکہ 70 ہزار 215 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ثالثوں کی کوششوں کا جواب دیا۔ جنگ بندی کے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی اور لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسرائیل تاخیر کر رہا ہے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ گوتریس نے خبردار کیا اسرائیل نے رفح میں پناہ لینے والے فلسطینیوں پر حملہ کیا تو یہ تباہ کن ہو گا۔ سعودی وزیر تجارت ماجد کی ابوظہبی میں اسرائیلی وزیر صنعت سے ملاقات اور وائرل ویڈیو کی سعودی سرکاری ذرائع نے تردید کر دی۔ امریکی وزیر خزانہ جنیسٹ نے کہا اسرائیل فلسطینیوں کے ٹیکس محصولات فلسطینی ریاست کے حوالے کرنے پر آمادہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے عالمی معیشت پر منفی اثرات نہیں ہوئے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل ماہ رمضان کے دوران غزہ پر حملے روکنے کے لیے تیار ہے اور اگلے ہفتے جنگ بندی کا آغاز ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بات ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے قومی سلامتی کے مشیر نے مجھے بتایا ہے کہ ہم جنگ بندی کے قریب ہیں، ابھی یہ معاملے طے نہیں پایا مگر مجھے توقع ہے کہ 4 مارچ تک جنگ بندی ہو جائے گی۔ امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ثالث ممالک کی جانب سے غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے امن معاہدے پر کام کیا جا رہا ہے۔ جوبائیڈن نے کہا کہ رمضان شروع ہونے والا ہے اور ایک ایسا معاہدہ موجود ہے جس کے تحت اسرائیل کی جانب سے رمضان کے دوران جنگی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی، جس کے دوران یرغمالیوں کی رہائی کا وقت بھی مل جائے گا۔ واضح رہے کہ غزہ میں 10 مارچ سے ماہ رمضان کا آغاز ہو سکتا ہے۔ حماس کے 2 سینئر عہدیداروں نے بتایا امریکی صدر کا بیان قبل از وقت ہے۔ مذاکرات میں شامل ذرائع نے بتایا امن معاہدے کا جو مسودہ حماس کو بھیجا گیا ہے اس کے تحت 40 روزہ جنگ بندی ہو گی۔ حماس 40 یرغمالی اور اسرائیل 400 فلسطینی رہا کرے گا۔
فاسفورس بموں کی برسات، 96 فلسطینی شہید: 4 مارچ تک جنگ بندی متوقع، جو بائیڈن
Feb 28, 2024