گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فار نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کی مصنوعات کوالٹی اور معیار کے باعث ایران کی مارکیٹ میں با آسانی اپنا مقام بنا سکتی ہیں۔ پاکستان اور ایران کو آپس میں رابطوں کو بڑھا کر اپنی مارکیٹ ایران میں ڈھونڈنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بزنس سینٹر احمد اکرام لون، ٹریڈ کونسلر علی اصغر موگاری، ڈائریکٹر بزنس سینٹر عثمان نواز باجوہ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔ پاکستان اور ایران برادر ملک ہیں، چین اور ترکیہ کی مصنوعات سے ایران کی مارکیٹس بھری پڑی ہیں۔ پاکستان کی مصنوعات کو ایران کے عوام کی جانب سے خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات بہت اچھے ہیں۔ پاکستان کی کچھ مصنوعات ایران میں ایکسپورٹ ہو رہی ہیں جن کو ایران کے عوام کی جانب سے خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ مہران مواحد فار نے کہا کہ ایران چالیس سال سے امریکہ کی پابندیوں کا شکار ہے اور پاکستان پر دبائو ہے۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی گورنمنٹ نے پاک ایران گیس منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ایران کی لیڈر شپ کیلئے دنیا بھر میں پاکستان اہم ملک ہے۔