لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج ووٹوں کی گنتی پر نہیں ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کیے گئے۔ جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔ الیکشن سلیکشن کا نام ہے تو قوم سے مذاق اور اربوں روپے ضائع کرنے کی کیا ضرورت ہے، دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کے لیے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے۔ مسئلہ جیت ہار کا نہیں حق دار کے حق کا ہے۔ منصورہ میں ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی اختیار کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ فرسودہ نظام نے عوام کو جکڑا ہوا ہے، حقیقی کامیابی اللہ کے دئیے گئے نظام کے لیے جدوجہد ہی ہے۔ راستہ کٹھن اور مشکل ہے، ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ دھاندلی کے نتیجہ میں بننے والی حکومت کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کر سکے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جمہوریت بچاؤ قومی مکالمہ میں سیاسی رہنماؤں، آزاد مبصرین، وکلاء کو مدعو کیا۔ اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس میں تمام شرکاء نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی، عوام کے احساسات کو راستہ نہ دیا گیا تو خطرہ ہے ہمیں بحیثیت مجموعی کوئی اور سانحہ دیکھنے کو ملے۔ پورے اخلاص سے مقتدر حلقوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ غیر جانبدار ہوکر حلف کی پاسداری کریں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔ دھاندلی زدہ حکومت سے دنیا میں کوئی سلام نہیں لے گا۔